ویب ڈیسک – 21 مئی 2025
اسلام آباد:
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازع آج بھی برقرار ہے، اور اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو پاکستان پوری طرح تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں نہایت بالغ نظری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کا رویہ دراصل اپنی داخلی سیاست کو سہارا دینے کی ایک چال ہو سکتی ہے۔ بھارت ہر کچھ عرصے بعد ایک نیا بیانیہ تشکیل دیتا ہے تاکہ اپنی قوم کو گمراہ کر سکے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاست اور سفارتکاری فوج کا دائرہ کار نہیں، لیکن پاکستان کی افواج کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ’’اصل تنازع‘‘ اب بھی زندہ ہے اور کبھی بھی کوئی چنگاری اسے بھڑکا سکتی ہے۔ بھارت کا رویہ گھمنڈ اور تکبر پر مبنی ہے، لیکن پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔