اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس میں علاقائی سلامتی، فوجی سفارت کاری اور تزویراتی مکالمے میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔ اس اہم اجلاس میں امریکا، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کثیرالملکی کانفرنس خطے میں فوجی تعاون، مشترکہ تربیتی پروگراموں، اور انسداد دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ "روابط کو مضبوط، امن کو یقینی بنانا” کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں علاقائی ہم آہنگی اور سلامتی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کانفرنس میں شریک وفود کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، ترقی اور عسکری ہم آہنگی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے ہائبرڈ چیلنجز اور سرحد پار خطرات کے تناظر میں عسکری مکالمے اور اعتماد کی فضا پہلے سے کہیں زیادہ ناگزیر ہو چکی ہے۔
اجلاس کے دوران جنوبی اور وسطی ایشیا کے اسٹریٹجک امور، انسداد دہشت گردی میں اشتراک، انسانی بحرانوں میں مشترکہ ردعمل، اور دفاعی تربیتی اقدامات جیسے اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔









