پاکستان

اسرائیل کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کیلئے سنگین خطرہ ہے، پاکستان

نیویارک(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کا نئی بستیوں کی تعمیر کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کےلئے سنگین خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، سلامتی کونسل ارکان میں صورتحال پر تشویش اور احتساب کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری کا پھیلا ﺅ بڑھ رہا ہے، اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کی سطح اب تک کی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے، ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کےلئے سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 4 ہزار 750 رہائشی یونٹس کی منظوری تشویشناک رجحان ہے، یہ ای ون منصوبہ دو ریاستی حل کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کی مالی رقوم کی بندش فلسطینی اداروں کو کمزور،حکمرانی کو مفلوج کرنے کی کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں