واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا ایک اور اہم دور اختتام پذیر ہوگیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود نے واشنگٹن میں مذاکرات کے چوتھے دورمیں شرکت کی،فریقین گزشتہ 20 برس کی ناکامیوں سے آگے بڑھتے ہوئے ایک ایسے جامع معاہدے کی جانب پیشرفت کر رہے ہیں جس کامقصد لبنان کی خودمختاری کی بحالی اوراسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
ٹومی پگوٹ نے مزیدکہاکہ امریکہ ان تاریخی مذاکرات میں ثالثی کاکردارجاری رکھے گا اور سیاسی و سیکیورٹی دونوں شعبوں میں مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اسرائیلی اورلبنانی وفود کے درمیان مذاکرات کا ایک اوردور ہوگا،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن اورسرحدی سلامتی سے متعلق امور پر مزید غور کیا جائے گا۔