اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا،
آخری دو ہفتوں میں مشاورتی عمل اور پراسس مکمل کرلیں گے، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ بڑی کامیابی ہے،معیشت اور روپے کی قدرمیں بہتری آئے گی۔ پاکستان کو دیوالیہ بنانے کے خواہشمندوں کو ناکامی اور مایوسی ہوئی،آئی ایم ایف شرائط کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا،معاہدوں کی پاسداری ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے سے انحراف کرکے ملک،معیشت کونقصان پہنچایا،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معاہدے سے انحراف نہ کرتی توموجودہ صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا، آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف سے طے شدہ معاملات کی پاسداری کرنا ہوگی،اللہ کرے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ 23واں پروگرام آخری پروگرام ہو۔