وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے، جو حالیہ دنوں ان کے استعفے سے متعلق خبروں اور ان کی جانب سے کی گئی تردید کے تناظر میں کی گئی۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا اور بعض نیوز چینلز پر خواجہ آصف کے ممکنہ استعفے کی خبریں گردش کرتی رہیں، جن کی انہوں نے سوشل میڈیا پر واضح الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے منصب پر قائم ہیں اور ایسی افواہیں گمراہ کن ہیں۔
آج کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال، پارٹی کی داخلی حکمت عملی، اور حالیہ بیوروکریسی سے متعلق خواجہ آصف کے متنازع بیان پر بھی بات چیت کی۔ خواجہ آصف نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ ملک کی نصف سے زائد بیوروکریسی پرتگال میں جائیداد خرید چکی ہے اور شہریت حاصل کرنے کی تیاری میں ہے، جس پر سیاسی حلقوں اور میڈیا میں خاصا ردعمل دیکھنے میں آیا۔
ملاقات کو پارٹی حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت بلند ہے اور مسلم لیگ ن آئندہ سیاسی چیلنجز کی تیاری میں مصروف ہے۔









