لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے پتنگ بازوں کو پکڑنے کےلیے جدید ٹکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔ ڈرون کیمرے کے استعمال سے پتنگ بازوں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں فوری ریڈ کرکے گرفتارکیا۔
ایس ایچ او ہنجروال شیخ حماد اختر کا کہنا ہے پتنگ بازوں کو پکڑنے کےلیے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور گھروں کے اندر داخل ہوکر چھتوں پر جاکرپتنگ بازوں کو پکڑنا پڑتا تھا لیکن اب ڈرون کیمرے کے ذریعے بطور ثبوت بھی عدالت میں پیش کیا جاسکے گا۔
جدید ٹکنالوجی کے استعمال سے پتنگ بازی کو روکنے میں کافی مدد ملے گی۔ ایس ایچ او شیخ حماد اختر کا کہنا ہے کہ ہمارے جوانوں کو سپیشل ڈرون کیمرے کی ٹرینینگ دی گئی ہے جنہوں نے آج پورے علاقے میں ڈرون کیمرے کا استعمال کرکے پانچ پتنگ بازوں کو گرفتارکیا ہے۔
گرفتار ملزمان گھروں کی چھتوں پر پتنگ بازی کر رہے تھےجن کو ڈورون کیمرے کے ذریعے ٹریس کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔