اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری نظام گرنے نہیں دیں گے بلکہ سنبھال لیں گے۔ایک انٹرویومیں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اتوار کے روز ن لیگ کا اجلاس ہوگا۔ نواز شریف نے جو اجلاس بلایا ہے، اس میں نئے صوبوں سے متعلق بات کی جائے گی اور کئی اہم فیصلے ہوں گے۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ مربوط بلدیاتی نظام ہونا چاہیے یا چھوٹے یونٹس بننے چاہیے۔
دونوں میں سے کسی ایک پر عمل کریں یا دونوں پر لیکن اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔ تاہم بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، کیونکہ اسکے بغیر عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہو پائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ مینڈیٹ جتنا میرا ہے، اتنا ہی پیپلز پارٹی کا بھی ہے۔ جس مینڈیٹ کو پی پی نے جعلی اور فارم 47 کا قرار دیتی ہے، ان ہی ووٹوں سے آصف زرداری صدر بنے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے صرف محسن نقوی ہی نہیں بلکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے متعلق بھی بیان بازی اور جواب دینے سے روکا ہے۔