اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے،آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں،ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے،اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی ۔
مسلم لیگ (ق )کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانء نڑاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی ۔مسلم لیگ (ق )کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے۔ چوہدری شجاعت نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے،اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی ۔
انہوںنے کہاکہ ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا ۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔انہوںنے کہاکہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہاکہ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں ۔چوہدری شجاعت نے کہاکہ پاکستان کء بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی ۔چوہدری شجاعت نے کہاکہ اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی ۔
چوہدری شجاعت نے کہاکہ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنء نہیں پاکستان کی بات کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے ،اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا ۔چوہدری شجاعت نے کہاکہ بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں،وہ طاقتیں خطہ میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں ،اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے ۔