خواجہ آصف

ہوسکتا ہے ٹرمپ چین جاتے ہوئے 2 گھنٹے کےلئے پاکستان میں قیام کریں،خواجہ آصف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیر خواجہ آصف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے ڈونلڈٹرمپ چین جاتے ہوئے 2 گھنٹے کےلئے پاکستان میں قیام کریں ، اللہ نہ کرے کہ جنگ لمبی ہو، جب جنگ ختم ہو گی حالات بہتر اور مہنگائی کم ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں پر بوجھ پڑا ہے، جوں ہی جنگ کا مستقل حل نکلے گا، یہ قیمتیں معمول پر آ جائیں گی۔

صحافی نے سوال کیا پیٹرول لیوی میں اتنا اضافہ کیا گیا ہے شہری کہہ رہے ہیں اگر سارا ٹیکس پیٹرول کے ذریعے لینا ہے تو ایف بی آر ختم کر دیں، جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا یہ تو آپ فلمی ڈائیلاگ کہہ رہے ہیں، پیٹرول کے ریٹ میں اضافہ ہوا عوام پر بوجھ پڑا ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن پیٹرول کی قیمتیں پوری دنیا میں بڑھی ہیں، یہ سب ایران اور امریکہ کے جنگ کی صورتحال کے اثرات ہیں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین جاتے ہوئے 2 گھنٹے کے لئے پاکستان میں قیام کریں، گزشتہ 1 سال کے دوران پاکستان نے وہ تاریخی سنگ میل عبور کیے ہیں جن کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پاکستان اس وقت امریکہ اور برادر اسلامی ملک ایران کے درمیان ایک اہم سٹریٹجک ثالث اور دفاعی پارٹنر کے طور پر کام کر رہا ہے، جس کی بدولت جنگ بندی ممکن ہوئی ہے، اس پائیدار امن کے ثمرات سعودی عرب، خلیجی ممالک، وسطی ایشیائی ریاستوں، شام اور مصر سمیت پوری مسلم امہ تک پہنچیں گے اور خطے کے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اس وقت دنیا کا کوئی بھی ملک مزید دشمنی یا جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ عالمی سطح پر مہنگائی اور تیل کی فراہمی کے بحران نے معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، اب یورپ کے رویئے میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے اور وہ دشمنی کے بجائے مفاہمت اور امن کی بات کر رہے ہیں جبکہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے، پاکستان اب ایک محفوظ متبادل تجارتی اور سفارتی گیٹ وے کے طور پر اپنی جگہ بنا چکا ہے اور ان شا اللہ دشمنیوں کے اس خاتمے سے ملک و قوم کے لیے خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں