فجیرہ(سپورٹس رپورٹر) متحدہ عرب امارات پاکستان کے تائیکوانڈو اسٹار ہارون خان نے 9فروری 2025کو فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپئن شپ(جی-2 کیٹیگری)میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔
ہارون نے تین مسلسل کامیابیاں حاصل کیں لیکن سیمی فائنل میں ایران کے حسین پور علیرضا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ابتدائی مقابلوں میں ہارون نے کویت کے الکلی ایف اور ایران کے خواجوی راستین کے خلاف شاندار فتح حاصل کی، جہاں انہوں نے اپنی حکمت عملی اور طاقتور ککس کا مظاہرہ کیا۔ تاہم، سیمی فائنل میں ایران کے کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔
مقابلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ہارون خان نے اپنے اس اعزاز پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، “پاکستان کے لیے اس سطح پر میڈل جیتنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں مزید محنت کروں گا تاکہ آئندہ مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کر سکوں۔”ہارون خان کی اس کامیابی کو ملک بھر میں کھیلوں کے شائقین نے سراہا ہے اور اسے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال قرار دیا ہے۔