قتل

گجرات، نادرا آفس میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

گجرات(کرائم رپورٹر)گجرات میں نادرا آفس میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور بعد میں خودکشی کر لی، دونوں نادرا آفس میں ملازمت کرتے تھے۔تفصیل کے مطابق گجرات کے مقامی نادرا دفتر میں گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتولہ عنبر اور اس کا شوہر بلال دونوں نادرا آفس میں ہی ملازمت کرتے تھے، آج دورانِ ڈیوٹی دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بحث و تکرار کے دوران بلال نے شدید طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی عنبر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

بیوی کو قتل کرنے کے فورا بعد بلال نے اسی پستول سے خود کو بھی گولی مار لی، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نادرا آفس پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعے کے بعد عملے اور وہاں موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں