اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کویت کے وزیرخارجہ شیخ جراح جابر الاحمدالصباح کی دفترخارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔گزشتہ روز کویتی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے تھے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکریٹری مشرق وسطی زاہد حسین نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارج کی جانب سے کہا گیا کہ کویتی وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔