اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کشمیر جیسے قومی مفاد کے معاملات پر تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون سے ملاقات کے موقع پر کہی ، اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال اور قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔دونوں رہنماﺅ ں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر موثر حکمتِ عملی کےلئے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سندھ حکومت کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
رانا محمد قاسم نون نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کےلئے اقدامات سے متعلق بتایا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور پوری قوم کا متفقہ قومی موقف ہے، سندھ حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کو سندھی لنگی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔