اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے ملاقات کی اور باہمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم ہاﺅ س میں ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کےلئے نیک تمناﺅ ں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی پرخلوص دعوت دی۔کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
کروشین وزیر خارجہ نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان اور اس کی قیادت کے نمایاں کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔دریں اثنا کروشیا ئی وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ آمد پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، جس کے بعد اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ کا وزارت خارجہ کے اعلی حکام سے تعارف بھی کرایا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک مضبوط تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کروشیا کے وزیر خارجہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور خطے کی مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے کہا کہ پاکستان کا یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے اور وہ دعوت پر پاکستان آنے پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے شکر گزار ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، اس وقت اقوام عالم کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، لہذا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ضروری ہے۔