کراچی(کورٹ نیوز )کراچی میں عدالت نے دو منشیات اسمگلرز اور ایک ڈرگ ڈیلر کو عمر قید کی سزائیں سناتے ہوئے لاکھوں روپے کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔انسداد منشیات عدالت کے جج کامران عطا سومرو نے 26 کلو سے زائد منشیات برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے اسمگلرز امجد خان اور حسن صدیقی پر فی کس 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔عدالت نے مفرور ملزمان ارشد علی عرف ماما اور محمد ایوب کے دائمی وارنٹ بھی جاری کردیے۔پراسیکیوشن کے مطابق 13 اکتوبر 2023 کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے گلشن معمار میں چھاپا مار کارروائی کی تھی۔ یہ کارروائی منشیات اسمگلرز کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی، جس میں اسمگلرز امجد اور حسن صدیقی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے ٹریولنگ بیگ میں موجود چرس کے 22 پیکٹ برآمد کیے گئے تھے، جس کا وزن 26 کلو 400 گرام تھا۔علاوہ ازیں عدالت نے ایک ڈرگ ڈیلر کیخلاف 22 کلو سے زائد چرس برآمدگی کیس میں ملزم کو عمر قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے مجرم عابد خان پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جرمانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید ایک سال قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے شریک ملزمان طارق خان، محمد ذیشان اور گل زمان کو عدم شواہد پر بری کردیا۔پراسیکیوشن کے مطابق 7 اپریل 2024 کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے راشد منہاس روڈ کا کارروائی کی تھی، جس میں پیڈسٹرین برج کے قریب سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان ڈرگ ڈیلر ہیں جو کہ منشیات منتقل کرنے آئے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 19 پیکٹ منشیات برآمد کی گئی تھی۔ ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات کا وزن 22 کلو 800 گرام تھا۔ ملزمان کیخلاف اے این ایف میں مقدمہ درج کیا تھا۔