کراچی (ایجوکیشن ڈیسک)کراچی میں میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ، جنرل گروپ کے نتائج میں طالبات کا پلڑا بھاری رہا اور پہلی تینوں پوزیشنز پر لڑکیوں نے میدان مار لیا۔تفصیل کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے میٹرک ( جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا، یہ نتائج ریگولر اور پرائیویٹ دونوں کیٹیگریز کے طلبہ کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔امتحانات کے نتائج میں روایتی طور پر ایک بار پھر طالبات نے میدان مارتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنز پر قبضہ جما لیا ہے۔
پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں طوبی فاطمہ 90.27 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر، آمنہ اسد 87.82 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری اور صفیہ منور 87.73 فیصد نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آئی۔بی ایس ای کے مطابق امتحانات کے لیے کل 15,446 طلبہ نے رجسٹریشن کروائی تھی، جن میں سے 14,749 طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے، جبکہ 697 امیدوار غیر حاضر رہے۔
بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت نے نتائج کے بروقت اعلان پر اساتذہ اور بورڈ اسٹاف کی محنت کو سراہا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بورڈ امتحانات اور نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔چیئرمین بورڈ نے اس موقع پر ایک اہم اپڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی کاپیوں کی جانچ پڑتال کے لیے کمپیوٹرائزڈ اسیسمنٹ اور ای-مارکنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس سے نتائج میں مزید شفافیت اور تیزی آئے گی۔