دبئی(سپورٹس پورٹر) بھارتی کرکٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئی ۔
بھارتی ٹیم ممبئی سے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی ، دبئی ائیرپورٹ پر شائقین کرکٹ کی کافی بڑی تعداد نے ٹیم کا استقبال کیا، ائیرپورٹ اسٹاف میں شامل شائقین کرکٹ بھی کرکٹ اسٹارز کو دیکھنے اْمڈ آئے۔
خیال رہے کہ یہ ٹورنامنٹ پہلی بار 1996 کے ورلڈکپ کے بعد پاکستان کی میزبانی میں ہو گا اور شائقین کرکٹ میں خاصی دلچسپی پیدا کر رہا ہے۔
اس بار بھارتی کرکٹ ٹیم بغیر ذاتی عملے کے دبئی پہنچی ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں کھلاڑیوں کے ذاتی شیف اور ہیئر ڈریسرز ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، اس فیصلیکے تحت بھارتی کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران دستیاب سہولیات پر انحصار کرنا ہوگا تاہم ائیرپورٹ پر شائقین کرکٹ نے کرکٹرز کے ذاتی عملے کی غیر موجودگی کو ضرور محسوس کیا جو ماضی میں کرکٹ اسٹارز کے ارد گرد ” ہٹو بچو ” کی صدائیں بلند کرتے ہوئے نظر آتے رہے ہیں۔دبئی ائیرپورٹ پر موجود ایک مداح نے مذاقاً کہاکہ اس بار بھارتی اسٹارز کا فوکس کرکٹ پر ہوگا، نہ کہ ان کے ہیئر اسٹائل پر!۔
بھارتی ٹیم میں کئی بڑے اسٹارز شامل ہیں، جن میں کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی، آل راؤنڈرز ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا، جب کہ وکٹ کیپرز رشبھ پنت اور کے ایل راہول نمایاں ہیں۔ دیگر اہم کھلاڑیوں میں کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، شریاس آئیر اور فاسٹ بولرز ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں دوپہر کو پریکٹس کریگی اورکچھ پلیئرز ہوٹل میں فزیکل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔بھارت کا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ یہ مقام اس وقت منتخب کیا گیا جب بھارتی بورڈ نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا۔