لاہور(سپورٹس نیوز ) حیدرآباد کنگزمین کے سری لنکن بیٹر کوشل پریرا، ناہید رانا کے سامنے آنے کے باوجود رن آﺅٹ قرار دینے پر برہم ہوگئے۔یہ واقعہ پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پیش آیا جب حیدرآباد کنگز مین کے کوشل پریرا نے تیزی سے رن مکمل کرنا چاہا مگر پشاور زلمی کے بولر ناہید رانا اچانک سامنے آگئے، جس سے دونوں میں ٹکراﺅ ہوتے ہوتے بھی بچا۔
اگرچہ ناہید رانا کی توجہ مکمل طور پر گیند پر تھی اور انہوں نے بیٹر کو نہیں دیکھا مگر پریرا کو ان کی وجہ سے رفتار سست کرنی پڑی اور ان سے بچتے ہوئے رن مکمل کرنے کے لئے بھاگے۔انہوں نے کریز تک پہنچنے کیلئے ڈائیو بھی لگائی مگر اتنے کلوز رن میں نینو سیکنڈز کا فرق بھی فیصلے پر اثر انداز ہوجاتا ہے اور وہی ہوا۔
ان کے بلے اور کریز میں فاصلہ نہ ہونے کے برابر تھا لیکن اسی اثنا میں گیند وکٹ پر جالگی اور اسٹمپس اڑ گئیں۔فیلڈامپائر کرس گیفنی نے تھرڈ امپائر الیکس وارف سے مشورہ کیا، اس دوران دونوں بیٹرز فیصلے کا انتظار کرنے لگے، بریسویل اور بابراعظم بھی امپائرز کے پاس پہنچے، طویل جائزے کے بعد تھرڈ امپائر نے پریرا کو رن آﺅ ٹ قرار دے دیا جس پر وہ کافی برہم دکھائی دئیے اور غصے سے سر ہلاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔فیصلے سے حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین بھی ناخوش نظر آئے اور اس حوالے سے امپائر سے بات بھی کی تاہم فیصلہ ان کے حق میں تبدیل نہ ہوسکا۔