پشاور ہائیکورٹ

پشاور ہائیکورٹ، ملازمین کے لئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل

پشاور(کورٹ نیوز ) پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 اور اس سے اوپرکے ملازمین کی مفت بجلی سہولت ختم کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کردیا۔پشاور ہائیکورٹ نے ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی معطل کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا ۔

عدالت عالیہ نے اپنے تحریری حکم نامے میں وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کیس کے تمام فریقین کو باقاعدہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی ۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مفت بجلی کی فراہمی ملازمین کی ملازمت کے بنیادی معاہدے کا حصہ ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے اس سہولت کا یکطرفہ خاتمہ سراسر غیر قانونی ہے، یہ اقدام آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابقہ نگران حکومت نے ختم کی تھی، جبکہ نگران حکومت کے پاس یہ قانونی اختیار ہی نہیں کہ وہ ایسے بڑے پالیسی فیصلے کر کے ملازمین کے بنیادی حقوق کو متاثر کرے، ٹیسکو ایک آزاد کارپوریٹ ادارہ ہے، اس لیے حکومت کا یکطرفہ نوٹیفکیشن کمپنی کے اپنے طے شدہ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اپنا تبصرہ لکھیں