لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 30مئی سے 4جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
سری لنکا کے گریم لا بروئے تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔گریم لا بروئے 1986ء سے 1992ء کے درمیان نو ٹیسٹ اور 44ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا، رچرڈ کیٹلبرو اور کمار دھرماسینا سیریز میں آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔راولپنڈی میں 30مئی کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کمار دھرماسینا کے ہمراہ آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔آصف یعقوب آئی سی سی ایمرجنگ امپائرز پینل کا حصہ ہیں۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 2جون کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں فیصل خان آفریدی اور رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائرنگ کریں گے۔فیصل خان آفریدی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے رکن ہیں۔لاہور میں 4جون کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں احسن رضا اور کمار دھرماسینا آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے رکن ناصر حسین تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
٭٭٭٭٭