عید الاضحی

پاکستان میں عید الاضحی کل بدھ27مئی کومذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان میں عید الاضحی بدھ27مئی کومذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبات، دیہات میں مساجد، امام بار گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے جن کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، اسلام آباد میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔

نماز عید کے خطبات میں علمائے کرام و خطیب حضرات سنت ابراہیمی پر روشنی ڈالیں گے، اس موقع پر ملکی سلامتی اور یکجہتی ،کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں اور دہشت گردی سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، نماز عید سے فراغت کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہوگا اس موقع پر اپنی اپنی استعاعت کے مطابق جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے۔اسی طرح تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف بھی معمول کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے گا۔

عیدالاضحی کے سلسلہ میں جہانیاں شہر،ٹھٹھہ صادق آباد اور گردونواح میں عید الاضحی کے 300سے زائد چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے حکومت کی ہدایت پر نما ز عید کی ادائیگی کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جامع مساجد، پارکس، کھلے مقامات پر قائم عید گاہوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایاگیاہے جہاں بڑی تعداد میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے باوردی اور سادہ پوش اہلکار تعینات کئے گئے ہیں تاکہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

اسی طرح حکومتی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ضلعی حکومتوں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹی ایم ایز و ٹانز کے عملہ صفائی کی چھٹیاں بھی منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جا سکیں۔عید الاضحی کے ایام میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹس کھلے رہیں گے جہاں ایمرجنسی سٹاف تعینات رہے گا۔ اسی طرح سرجنز و دیگر سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی آن کال رہیں گے۔

عیدالاضحی پر عیدگاہوں کا سیکورٹی پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے ،جہانیاں ،ٹھٹھہ صادق آبادسمیت ضلع خانیوال بھر میں عید اجتماعات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا عید اجتماعات و دیگر سیکورٹی پر پولیس افسران اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے مساجد اورامام بارگاہوںپر پولیس افسران اورجوانوں کی بائی نیم ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ ضلع بھر میں ناکہ بندی پوائنٹ بھی لگائے گئے ہیں ضلع بھر میں عید کے اجتماعات کے دوران سپیشل ایلیٹ فورس کے دستے گشت کناں ہونگے ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس افسران و ملازمین ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

عیدالاضحی پرحساس مساجد وامام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے میٹل ڈیٹکٹرز سمیت واک تھروگیٹس اور CCTV کیمرے نصب کیے جائیں گے قبرستانوں اور مویشی منڈیوں سمیت حساس مقامات کی خصوصی سکریننگ ہوگی جبکہ عیدالاضحی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف لیگل ایکشن لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں