اسحاق ڈار

پاکستان عالمی سطح پر امن اور استحکام کی علامت بن رہا ہے، اسحاق ڈار

لاہور(نیوز ڈیسک )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن اور استحکام کی علامت بن رہا ہے،آج دنیا پاکستان کو دہشت گردی کے بجائے امن، استحکام اور تعمیری کردار کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے، وقت آ گیا ہے ملک کو ایک مضبوط معاشی قوت بنایا جائے ۔

حضرت علی ہجویری کے 983 ویں غسل مبارک کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حضرت داتا گنج بخش کے مزار کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع کا منصوبہ جاری ہے، جس کا سہرا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے، جہاں اللہ کی عبادت ہو رہی ہو، وہاں خدمت کا جذبہ اختیار کرنے سے ملک و قوم کے حالات بھی بہتر ہوتے ہیں، ایسے روحانی اجتماعات معاشرے میں محبت، اخوت اور استحکام کو فروغ دیتے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کو عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کا موقع ملا اور ملک نے ثالثی و مصالحت کے حوالے سے مثبت کردار نبھایا، اس عمل میں ٹیم کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، جبکہ فیلڈ مارشل کی خدمات بھی قابلِ تحسین رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکال کر عالمی سطح پر ایک موثر اور ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا گیا ہے، آج دنیا پاکستان کو دہشت گردی کے بجائے امن، استحکام اور تعمیری کردار کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کی توفیق دی، بعد ازاں ملک نے میزائل پروگرام میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار دنیا کیلئے حیران کن تھی اور ملک عالمی معیشتوں کی درجہ بندی میں 24ویں نمبر تک پہنچ گیا تھا، تاہم بعد کے برسوں میں معاشی مشکلات کے باعث پاکستان 47ویں پوزیشن تک آ گیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معاشی استحکام کو اولین ترجیح بناتے ہوئے گزشتہ برسوں میں پیدا ہونے والے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے۔ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان دوبارہ استحکام کی جانب گامزن ہے اور عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں