لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ، سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی برداشت کے قائل ہوگئے۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی پر کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی نے بہت پریشر برداشت کیا، میں چودھری پرویز الٰہی کو داد دیتا ہوں ،چیئرمین تحریک انصاف کا کہناتھا کہ میں نہیں سمجھتا تھا کہ جس طرح کے پریشر میں انہیں رکھا گیا ہے وہ برداشت کر سکیں گے۔
ان کاکہناتھا کہ یہاں تو پکڑ کر لوگوں کے کاروبار بند کردیئے ہیں، گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی، رشتہ داروں کے گھروں تک پہنچ گئے ، پھر بیوی بچوں تک پہنچ گئے ،اس طرح تو پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ مشرف دور میں ساری ن لیگ ،ق لیگ میں چلی گئی تھی،ان کے اوپر ایک فیصد بھی پریشر نہیں پڑاجو کہ ہمارے لوگوں پر ڈالا گیا ہے۔پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کی واپسی کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ وہ کیس تو کیس پر منحصرہے،میں کسی کے بارے میں بات نہیں کروں گا، متعدد رہنماﺅں پر ایسا پریشر ڈالا گیا کہ وہ ان کی برداشت سے باہرتھا۔