لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ریکارڈ کافی بہتر ہے۔پیر سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے دونوں ٹیموں کے ریکارڈ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 60ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 25 جیتے اور 14 میں اسے شکست ہوئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 21 میچز کا نتیجہ نہ نکل سکا۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 643 رنز لاہور میں بنائے، یہ میچ قومی ٹیم نے وقار یونس کی قیادت میں ایک اننگ اور 324 رنز سے جیتا تھا اور اس میچ میں انضمام الحق نے 329 رنز بنائے تھے۔قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ فارمیٹ میں کم ترین اسکور 102 ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو کراچی میں شروع ہو گا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے ملتان میں شیڈول ہے تاہم اسے بھی موسم کی صورتحال اور فلائٹس میں تاخیر کے باعث کراچی منتقل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس دورے کے دوران 3ایک روزہ میچز 10 سے 14 جنوری کو کراچی میں کھیلے گی۔