میاں چنوں (سپورٹس نیوز)کامن ویلتھ گیمز میں ٹائٹل کا دفاع نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی شہرت یافتہ جیولن تھروور ارشد ندیم نے خاموشی توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرد موسم اور ٹھنڈی ہواں کے باعث ان کی باڈی اکڑ گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ اپنی بہترین تھرو نہیں کر سکے۔گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھروور ایونٹ میں شرکت کے بعد قومی ہیرو ارشد ندیم نے اپنے آبائی شہر میاں چنوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر قوم سے معذرت کی کہا کہ حالیہ مقابلے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں تاہم کھیل میں ہر کھلاڑی کا ایک اچھا اور ایک برا دن ہوتا ہے۔
ارشد ندیم نے اپنی کارکردگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں رہ کر گرم موسم میں ٹریننگ کی جب کہ مقابلے کے مقام پر موسم غیر معمولی طور پر سرد تھا اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی تھیں، اس وجہ سے ان کی باڈی اکڑ گئی اور وہ معمول کے مطابق رن اپ نہیں لے سکے، جس کے باعث اپنی بہترین تھرو کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔اولمپک چیمپئن نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ اس مرتبہ پاکستانی قوم ان سے بہتر کارکردگی کی توقع کر رہی تھی اور وہ قوم کو مایوس کر گئے تاہم انہوں نے اپنی طرف سے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ کھیل میں اتار چڑھا ﺅآتے رہتے ہیں، کبھی کھلاڑی کامیاب ہوتا ہے اور کبھی ناکامی کا سامنا کرتا ہے، یہی اسپورٹس کا حسن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ہرگز حوصلہ نہیں ہارا بلکہ پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ آئندہ مقابلوں کی تیاری کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی تیاری اچھی ہے اور اب ان کی تمام توجہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق 11 سے 13 ستمبر تک ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ منعقد ہوگی جب کہ ستمبر کے آخر میں ایشین گیمز ہوں گے، جن میں وہ بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کریں گے۔