لندن (سپورٹس نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ، جس میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فاطمہ ثنا کی شاندار آل راﺅ نڈ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں دنیا کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل الیون میں جگہ دی گئی ہے، جو پاکستان ویمنز کرکٹ کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیم میں آسٹریلیا کی آل راﺅ نڈر صوفی مولائنیکس کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بیتھ مونی، ایلیس پیری اور ایشلے گارڈنر بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں، جس سے ٹورنامنٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی مضبوط کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
انگلینڈ کی ڈینی وائٹ اورنیٹ سکیور برنٹ، جنوبی افریقہ کی تجربہ کار آل راﺅ نڈر ماریزان کیپ، آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ، بھارت کی شری چرنی اور سری لنکا کی نیلاکشیکا سلوا کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کی ڈارسی کارٹر کو ٹیم کا 12واں کھلاڑی نامزد کیا ہے، جنہوں نے بھی ایونٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاطمہ ثنا کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شمولیت کو پاکستان ویمنز کرکٹ کےلئے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر قومی ٹیم کی بہتر ہوتی کارکردگی کا اعتراف بھی ہے۔