کراچی(ایجوکیشن ڈیسک) وفاقی اردو یونیورسٹی میں اساتذہ کا بائیکاٹ ناکام ہوگیا اور سمسٹر امتحانات کا شیڈول کے مطابق آغاز ہوگیا، جہاں طلبہ کی بڑی تعداد نے امتحانی پرچوں میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی میں انجمنِ اساتذہ کی جانب سے امتحانات کے بائیکاٹ کی اپیل موثر ثابت نہ ہو سکی، جامعہ کے تمام متعلقہ شعبہ جات میں سمسٹر امتحانات کا آغاز آج سے مقررہ شیڈول کے مطابق ہو گیا ہے، جہاں طلبہ کی بڑی تعداد نے امتحانی پرچوں میں شرکت کی۔جامعہ اردو کی انجمنِ اساتذہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج سے امتحانی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا۔وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عنایت علی شاہ نے امتحانی مراکز کا دورہ کرنے کے بعد صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں جہاں آج پیپر تھا، وہاں امتحانات کا آغاز وقت پر ہوا، امتحانات کے شفاف، منظم اور بروقت انعقاد کے لیے انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کر لیے تھے۔
اساتذہ اور انتظامی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہا ہے اور امتحانی عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔رجسٹرار ڈاکٹر عنایت علی شاہ نے واضح کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کے تعلیمی مفادات کے تحفظ اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے. کسی کو طلبہ کا تعلیمی سال ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رجسٹرار کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر کان دھرنے کے بجائے اپنے اصل امتحانی شیڈول کے مطابق امتحانات میں شرکت کریں اور یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ آفیشل ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔