فیڈرل شریعت کورٹ

وفاقی آئینی عدالت، سہیل سلطان اہلیت کیس میں وفاق کا جواب جمع، بیرسٹر گوہر کو مہلت

اسلام آباد(کورٹ نیوز ) وفاقی آئینی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کی اہلیت سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت کا جواب ریکارڈ پر لے لیا، جبکہ حکومتی موقف کا جائزہ لینے کے لیے درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر کو مہلت دے دی۔

وفاقی آئینی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کی اہلیت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت وفاقی حکومت نے کیس میں اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا، جس پر درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر نے موقف اختیار کیا کہ انہیں حکومتی جواب کا جائزہ لینے کےلئے وقت دیا جائے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو جواب کا مطالعہ کرنے کےلئے مہلت دے دی۔

سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی حکومت نے رہنما کی اہلیت سے متعلق قانون سازی کی، قانون سازی کے ذریعے لا افسران کو صوبائی حکومت کی سروسز سے نکال دیا گیا، جبکہ ایک شخص کی اہلیت کےلئے مخصوص قانون سازی کی گئی۔اس پر بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں بنیادی معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کا ہے، صوبائی حکومت کی قانون سازی عدالت کے سامنے چیلنج نہیں کی گئی، بلکہ کیس کا محور الیکشن کمیشن کے اختیارات ہیں۔عدالت نے مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں