اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی آمد آمد ہے اور اس میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے، تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، گھر چاہے پانچ مرلے کا بنے یا پھر سات اور 10 مرلے کا، تمام لوگوں کا کاروبار چلے گا، ایسے منصوبوں سے ہماری صنعت اور معیشت کو بے پناہ تقویت ملے گی،حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔
ان خیالات کااظہار وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم اپنا گھر سکیم کا باضابطہ اجرا کرتے ہوئے قرض کے لئے اہل افراد کے درمیان بینک چیک تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک قرض آسان شرائط پر دیا جا رہا ہے، اس سکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر سکیم کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے، بجٹ میں بڑی چیزیں لے کر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست یا کسی بھی حکومت کیلئے عام آدمی کو چھت فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیح ہے، گھر ہو تو اپنا،اس حوالے سے یہ تقریب انتہائی یادگار ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض ہے، اس سکیم کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، آئندہ 4 برس میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہے، سکیم کو کامیاب بنانے میں بے حد محنت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی اکابرین اور نجی شعبے کی مشاورت سے سکیم کا اجرا کیا جا رہا ہے، آج کی اس تقریب میں ڈرائیور غلام حسین کو بھی گھر بنانے کیلئے قرض ملا، لوگوں کی بڑی تعداد جو اپنے گھر سے محروم ہے، اس سکیم کے تحت 10 مرلے کی زمین تک گھر بنایا جا سکے گا، ماہانہ بنیادوں پر سکیم پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، سکیم میں شامل بینکوں کو 14 اگست پر میڈل دئیے جائیں گے، حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، مایہ ناز بر آمد کنندگان کو سفیر عمومی بنایا، 2 سال کیلئے بلیو پاسپورٹ دیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ ہاﺅ سنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ ہاﺅ سنگ نے وزیرِ اعظم کو وزارت کی جانب سے کم لاگت رہائشی منصوبوں پر پیشرفت اور لوگوں کو اپنے گھر کے حصول کیلئے رعایتی قرضوں کی فراہمی کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ لوگوں کو کم لاگت پر اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیرِ اعظم نے وزارت کے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔