وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم کا قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر اظہارتعزیت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بصیرت ، دور اندیشی اور قطر کو جدید ریاست میں ڈھالنے پر ان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اتوار کو ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس خبر پر انتہائی رنج و غم ہوا کہ ریاستِ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم رہنما اور مدبر سیاست دان تھے، جن کی بصیرت، دوراندیشی اور عوامی خدمت سے غیرمتزلزل وابستگی نے قطر کو ایک جدید، خوشحال اور عالمی سطح پر باوقار ریاست میں تبدیل کیا، اپنے وطن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی گرانقدر خدمات، نیز علاقائی امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومتِ پاکستان اور اپنی جانب سے، میں اپنے عزیز بھائی، ریاستِ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، آل ثانی خاندان، حکومتِ قطر اور قطر کے برادر عوام سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان پوری یکجہتی کے ساتھ اپنے قطری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہم مرحوم کی پاکستان سے والہانہ محبت، خلوص، شفقت اور ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور شاہی خاندان سمیت ہمارے قطری بھائیوں اور بہنوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو صبر، ہمت اور استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں