اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اتوار کو انقرہ میں ہونے والے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ نگراں وزیراعظم نے ایکس ( سابق ٹویٹر)پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم دہشتگردی کی اس لعنت کے خلاف جنگ میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ میرے بھائی رجب طیب اردوان کی متحرک قیادت میں ترک قوم اس چیلنج سے مزید مضبوط بن کر ابھرے گی۔دریں اثناء وزیر اعظم میڈیا آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں برادر ملک ترکیہ کے ساتھ ہیں۔
نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ترکیہ، میرے بھائی رجب طیب ایردوان کی قیادت میں دہشتگردی کے اس چیلنج پر جلد قابو پا لے گا۔
٭٭٭٭٭