کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ اور ٹی وی شو کی میزبان ندا یاسر نے شمالی علاقہ جات میں صفائی کا خیال نہ رکھنے والے سیاحوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔حال ہی میں ندا یاسر ملک کے شمالی علاقہ جات کی سیر کو گئیں جس کا تذکرہ انہوں نے اپنے مارننگ شو میں کیا۔
ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں کہا کہ میں نے پہلی بار ٹریکنگ کی، روزانہ ورزش نہ کرنے والوں کیلئے ٹریکنگ بہت مشکل کام ہے، میں نے ساڑھے 4 گھنٹے ٹریکنگ کی جس میں پہاڑی پر اترنا اور چڑھنا دونوں شامل ہے، بہت خوبصورت جگہ ہے لگ رہا تھا جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوبصورت جگہ پر بہت گندگی تھی، میں لوگوں سے کہوں گی کہ اس جگہ کو ہم نے صاف رکھنا ہے، پلاسٹک کے کچرے کو دیکھ کر تکلیف ہوئی۔ندا یاسر کا کہنا تھا کہ مری میں بھی پلاسٹک کا کچرا تھا، اتنی خوبصورت جگہ اللہ تعالی نے دی ہے تو اس کی قدر کیوں نہیں کرتے؟ اگر ہم قدر نہیں کریں گے تو سیاحت کو فروغ کیسے ملے گا اور معیشت کیسے بڑھے گی؟