اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیٹلی بیکرنے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پرمبارکباد بھی پیش کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پراتفاق کیا گیا۔دوسری جانب ناروے کے وزیرخارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کےفروغ اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن روکنے ، پولیس ٹریننگ اور قانونی معاونت پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے مسلسل استعمال ہو رہی ہے۔