سینیٹر کامران مرتضی

میرپور آزاد کشمیر میں ا موات کا دعوی، معاملہ سینیٹ پہنچ گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) جمعیت علما اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضی نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور میں امن و امان کی صورتحال پر سینیٹ میں رول 218 کے تحت تحریک جمع کرا دی، جس میں ایوان کی فوری توجہ اس معاملے کی جانب مبذول کراتے ہوئے اس پر ہنگامی بحث کرانے کا مطالبہ کردیا۔

تحریک میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران میرپور آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک رہی، جبکہ مقامی سول سوسائٹی اور سماجی کارکنوں کے مطابق مسلسل پرتشدد واقعات میں 25 سے 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اس صورتحال کے باعث علاقے میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، جس پر پارلیمان کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں بدامنی کے دوران انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی، جس کے باعث مقامی آبادی کو ایک دوسرے سے رابطے اور معلومات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مواصلاتی نظام کی بندش کے باعث متاثرہ علاقوں کی صورتحال جاننا بھی دشوار ہو گیا، اس لیے معاملے پر فوری پارلیمانی بحث ناگزیر ہے۔سینیٹر کامران مرتضی نے اپنی تحریک میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا اس اہم عوامی مسئلے کو فوری طور پر زیر بحث لائے تاکہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال، مبینہ جانی نقصان اور انٹرنیٹ بندش جیسے معاملات پر مثر انداز میں غور کیا جا سکے، ریاست کی موجودہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری توجہ اور مناسب اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں