اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے تین سابق سربراہان اور 250 سے زائد سابق اہلکاروں نے غزہ پر جاری جنگ کو فوری طور پر بند کرنے اور تمام یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
یہ مطالبہ سابق مذاکرات کار ڈیوڈ میدان کی جانب سے جاری ایک بیان میں سامنے آیا، جس پر موساد کے سابق ڈائریکٹرز ڈینی یاتوم، افرایم ہالیوی، اور تامیر پاردو کے دستخط موجود ہیں۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ جنگ یرغمالیوں اور اسرائیلی فوجیوں دونوں کے لیے خطرہ بن چکی ہے، اور ریاستی مفاد کا تقاضا ہے کہ جنگ فوری بند کی جائے۔
اس مطالبے کو فضائیہ کے ان اہلکاروں کی حمایت بھی حاصل ہے، جنہوں نے کچھ روز قبل حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ انسانی جانوں کو ترجیح دیتے ہوئے جنگ ختم کرے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی اسرائیلی فضائیہ، بحریہ، انٹیلیجنس یونٹ 8200، اور ریزرو میڈیکل آفیسرز کے سینکڑوں افراد اسی نوعیت کا مطالبہ کر چکے ہیں، جس میں جنگ کو سیاسی مقاصد سے جوڑ کر تنقید کی گئی تھی۔