وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ شرپسند عناصر کی سیاست کا خاتمہ کیا جائے، جو قوم کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ گروہ سیاسی لباس میں فتنہ و فساد پھیلا رہے ہیں جن کا ایجنڈا ملک کی سلامتی کے خلاف ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب حکومت معاشی استحکام کے لیے سرگرم ہے، تو یہ عناصر عوام کو احتجاج اور انتشار کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ نو مئی کے واقعات نے ان کے اصل چہرے عوام کے سامنے بے نقاب کیے ہیں اور ایسے واقعات کو کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا، جبکہ وہ گروہ جو اس دن کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، ان کی سوچ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسے عناصر کو سیاسی جماعت نہیں کہا جا سکتا، بلکہ یہ فاشسٹ ٹولہ ہے جو اپنے بیرونی آقاؤں کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ اور اسرائیلی لابی کے مفادات کو ترجیح دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور ایسے گروہوں کو رد کر چکے ہیں جو پاکستان کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی جیسے مسائل پر سخت ایکشن لے رہی ہے اور عوامی مفاد میں کام کر رہی ہے۔