یوسف رضا گیلانی

معرکہ حق سے واضح ہوگیا پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور آئینی وقار کا تحفظ کا عزم رکھتا ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر یوم معرکہ حق کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ریاستِ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور آئینی وقار کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مکمل عزم رکھتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معرکہ حق محض ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد، ایمان اور غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کی جارحیت کا نہایت پیشہ ورانہ، مؤثر اور بھرپور جواب دے کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کا صبر و حوصلہ قابلِ تحسین ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے سول و عسکری قیادت اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوانوں، میڈیا، سفارتی محاذ پر سرگرم افراد، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی قومی بیانئے کو مضبوط بنانے اور دفاع کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو قابلِ ستائش ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معرکہ حق ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ سیاسی قیادت کا متفقہ مؤقف، عسکری قیادت کی بصیرت اور عوام کا غیر متزلزل اعتماد وہ قوت ہے جس نے ہر چیلنج کا مقابلہ ممکن بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو امن کو ترجیح دیتی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔ آخر میں چیئرمین سینیٹ نے قوم پر زور دیا کہ وہ اس موقع پر تجدیدِ عہد کریں کہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور قوم کو اتحاد و استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا کرے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں