امریکا

مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی، امریکا کی اپنے شہریوں کو نئی سفری ہدایات جاری

واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز)امریکا نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافے کے بعد مشرق وسطی میں موجود اپنے شہریوں کےلئے نیا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا اور انہیں غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور کسی بھی وقت حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں، اسلئے امریکی شہری مقامی خبروں اور سرکاری ہدایات پر مسلسل نظر رکھیں۔محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطی میں موجودہ کشیدگی کے باعث سکیورٹی ماحول انتہائی حساس اور غیر یقینی ہے جس میں اچانک تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کےلئے تیار رہیں۔

سفری ہدایات کے مطابق بحرین، اسرائیل، مقبوضہ مغربی کنارے، اردن، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کےلئے لیول 3 سفر پر نظرثانی کریں کی وارننگ برقرار رکھی گئی ہے۔دوسری جانب ایران، عراق، لبنان، شام، غزہ اور یمن کے لئے لیول 4 سفر نہ کریں کی سخت ترین سفری ہدایت برقرار رکھی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ فوجی سرگرمیوں کے باعث سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوا ہے، اس لئے امریکی شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں