لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں پولیس نے سود خوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق دھمکیوں، بلیک میلنگ اور ہراسانی میں ملوث سود خوروں کے خلاف بلاامتیاز مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ۔
لاہور پولیس نے غریب اور نادار شہریوں کی مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ اصل رقم سے کئی گنا زائد وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت برتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ لاہور بار کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت مستحق سائلین کے کیسز ان کی رضا مندی سے وکلا کے پینل کو بھجوائے جائیں گے اور وکلا سول مقدمات میں مفت وکالت کریں گے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ وراثت، جہیز واپسی اور لین دین سے منسلک جرائم کے سدباب کےلئے وکلا کی خدمات تو لی ہیں، لیکن انصاف ملنے تک تمام معاملے کو پولیس مسلسل مانیٹر کرے گی۔