لاہور(کورٹ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کے درج مقدمے میں بڑا ریلیف دے دیا۔عدالت نے نورین نیازی کی ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے نورین نیازی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے اور خدشہ ہے کہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے سے قبل انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
وکیل نے استدعا کی کہ متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے نورین نیازی کو ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت فراہم کر دی اور ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔