اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سوال کیا ہےکہ حکومت بتائے بانی پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے، انہیں ان کی مرضی کے اسپتال کب منتقل کریں گے؟ جبکہ وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کوئی ایسا سیاسی مسئلہ نہیں کہ ایوان یقین دہانی کروائے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی صحت کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حکومت بتائے بانی پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے؟۔ بانی پی ٹی آئی کو ان کی مرضی کےاسپتال کب منتقل کریں گے؟۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے محمود خان اچکزئی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جو اپوزیشن لیڈر نے کہا اس کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، ہم 15 دفعہ سپریم کورٹ، 24 دفعہ ہائی کورٹ گئے، ہمیں ریلیف نہیں ملا۔ کوئی ملاقات کے لیے نہیں جا سکتا کہ بتائے بانی پی ٹی آئی کی حالت کیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ملاقات کے لیے نہیں جا سکتا کہ یہ جان سکے کہ اب بانی کی حالت کیسی ہے۔اس پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کوئی ایسا سیاسی مسئلہ نہیں کہ ایوان یقین دہانی کروائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ روز چاہ رہے تھے کہ اپوزیشن لیڈر کی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہو، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کوئی بھی مسئلہ ہو حکومت دیکھ رہی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ سوال بھی کیا گیا کہ رات کو کیوں اسپتال لے جایا گیا تو میڈیکل ایمرجنسی وقت پوچھ کر تو نہیں آتی، جس وقت میڈیکل ایمرجنسی ہوئی بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لے جایا گیا۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔