لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ) قصور میں جڑواں بہنوں نے کمال کرتے ہوئے میٹرک کے امتحان میں یکساں نمبر حاصل کر لئے ۔تفصیل کے مطابق قصور کے ایک ٹریفک وارڈن عمران منیرکی جڑواں بیٹیوں عریبہ عمران اور ہادیہ عمران نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں حیران کن کارنامہ انجام دیا۔لاہور بورڈ کے تحت کے میٹرک امتحانات میں دونوں بہنوں نے 1200 میں سے 1183 اور 1183 نمبرز حاصل کیے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں بہنوں کا امتحانی سینٹر الگ الگ اور ایک دوسرے سے کافی دور تھا، اور دونوں کے رول نمبرز بھی سیریل میں کافی دور بالترتیب 112143 اور 113757 تھے۔ اسلئے ایک دوسرے کی چیٹنگ کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔ ونوں بہنوں نے نہ صرف شاندار نمبر حاصل کیے، تاہم ایک جیسے نمبروں نے اس کامیابی کو مزید خاص اور یادگار بنا دیا۔اس واقعے پر دونوں طالبات بھی حیران ہیں۔
طالبہ عریبہ عمران کا کہنا تھا ہم اکھٹا پڑھتی تھیں اور پڑھائی کو ایک ہی وقت دیتی تھیں۔ تاہم ایک جیسے نمبر آنا واقعی عجوبہ ہوگیا ہے۔ ہمارے تو امتحانی مراکز بھی کئی کلومیٹر کے فاصلے پر تھے۔