میکسیکوسٹی(سپورٹس نیوز )فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شائقین کی ایک روزہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔فیفا کے مطابق 16 جون کو ورلڈکپ کے 4 میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین اسٹیڈیم پہنچے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم ہوا اور 1994 ورلڈکپ کا 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔فیفا کے مطابق فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں شائقین کی ریکارڈ حاضری ہوئی۔
فیفا کاکہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے پہلے 6 روز میں 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین میچز دیکھنے پہنچے۔ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 رہی۔فیفا کے مطابق ورلڈکپ 2026 مجموعی حاضری کے تاریخی ریکارڈ کی جانب گامزن ہے۔ 1994 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے میچز دیکھے تھے، موجودہ رفتار برقرار رہی تو گروپ مرحلے کے اختتام تک نیا مجموعی حاضری ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ 16 جون 2026 ورلڈ کپ کی تاریخ میں یادگار دن بن گیا، شائقین نے ٹورنامنٹ میں رنگ، جوش اور یادگار ماحول پیدا کیا، ورلڈ کپ 2026 دنیا بھر میں فٹبال کی مقبولیت کا مظہر ہے۔