کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک حالیہ ویڈیو نے ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس میں وہ شدید ذہنی دباﺅ اور جذباتی کیفیت میں نظر آئے۔
انہیں حال ہی میں اپنے قریبی دوست اور اداکار اعجاز اسلم کے ہمراہ ایک نجی دورے پر کینیڈا روانہ ہونا تھا، تاہم عین وقت پر فیصل قریشی نے کینیڈا جانے سے معذرت کردی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں فیصل قریشی نے جذباتی انداز میں مداحوں کو بتایا کہ وہ بعض ناگزیر ذاتی وجوہات کے باعث اس سفر میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گھر سے متعلق ایک اہم ذمہ داری کی وجہ سے انہیں یہ منصوبہ منسوخ کرنا پڑا،جس کے لیے وہ انتہائی پرجوش تھے۔ویڈیو کے دوران فیصل قریشی کی سنجیدہ کیفیت نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اداکار خاصے پریشان دکھائی دے رہے تھے اور ان کے تاثرات سے محسوس ہو رہا تھا کہ وہ کسی ذہنی دبا ﺅکا سامنا کر رہے ہیں۔