شرمین علی

طلاق کے بعد خود مختار ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا‘ شرمین علی

کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ شرمین علی نے طلاق کے بعد خود مختار بننے اور اپنی بیٹی سمیت اپنے اخراجات خود اٹھانے کے سفر کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔شرمین علی حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور شوبز میں آنے کے حوالے سے گفتگو کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ علیحدگی کے بعد میرے پاس خود مختار ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا، کم عمری میں شادی کے باعث تعلیم بھی مکمل نہیں ہو سکی تھی۔شرمین علی کے مطابق طلاق کے بعد جب میں اپنے والدین کے گھر واپس آئی تو میں نہیں چاہتی تھی کہ بوڑھے والدین میرے اخراجات اٹھائیں، اس لیے میں نے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں نے ابتدا میں کپڑوں کی ڈیزائننگ، ہوم ڈیکور اور دیگر کاموں کی خدمات فراہم کرنا شروع کیں، خوش قسمتی سے صرف 3 ماہ کے اندر مجھے نینا کاشف کی جانب سے کام کی پیشکش مل گئی، جس کے بعد میں نے شوبز میں قدم رکھا۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ میں نے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کی تھی، لیکن شادی کے دوران پیش آنے والے تجربات کے بعد ایک آزاد لڑکی کی حیثیت سے حاصل کیا گیا میرا اعتماد جیسے ختم ہو گیا تھا، اس لیے مجھے اپنی زندگی دوبارہ صفر سے شروع کرنا پڑی۔

اپنا تبصرہ لکھیں