صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی ٹیم سے ملاقات، ایران جنگ سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

واشنگٹن ،تہران (انٹرنیشنل نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی ٹیم سے اہم ملاقات کی، جس میں ایران جنگ سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں نائب صدر،وزیرخارجہ اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدرٹرمپ کی یہ ملاقات ورجینیا میں واقع گالف کلب میں دور چین سے واپسی پر ہوئی، جبکہ وہ رواں ہفتے قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ دوبارہ ملاقات بھی کریں گے۔ذرائع کاکہنا ہےکہ اگر حملوں کا فیصلہ کیا گیا تو پینٹاگون نے مختلف عسکری منصوبے پہلے ہی تیار کر رکھے ہیں، ایران کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے پر محدود حملوں کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہونے پر وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کو جلدی کرنا ہو گی، ورنہ ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے تنازع کے خاتمے کے لیے پیش کیے گئے تازہ منصوبوں پر امریکہ نے اپنے جواب میں کوئی ٹھوس رعایت نہیں دی۔ نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے لچک نہ دکھانے کی صورت میں مذاکرات تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں