صدر مملکت اور وزیراعظم

صدر مملکت اور وزیراعظم کاقدرتی وسائل کے تحفظ اور چراگاہوں کی بحالی کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے قدرتی وسائل کے تحفظ اور چراگاہوں کی بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے ۔صدر آصف علی زرداری نے صحرا بندی اور خشک سالی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چراگاہوں، جنگلات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کو پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے ناگزیر قرار دے دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ چراگاہوں کا تحفظ غذائی سلامتی، ماحولیاتی توازن اور لاکھوں افراد کے روزگار کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، صحت مند چراگاہیں مویشی بانی کے شعبے کی مضبوطی اور دیہی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور خشک سالی چراگاہوں اور قدرتی ماحول کے لیے سنگین خطرات بن چکے ہیں، پاکستان پائیدار زمینی انتظام، ماحولیاتی بحالی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کےلئے پرعزم ہے، جبکہ حکومت خشک سالی کے اثرات کا مقابلہ کرنے اور مزاحمت بڑھانے کےلئے مختلف عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات، چراگاہوں اور آبی ذخائر کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ قومی ترجیحات میں شامل ہے، تاہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے اراضی کے انحطاط اور خشک سالی کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ چراگاہوں کی بحالی سے روزگار کے مواقع، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس سال یہ دن "قدرتی چراگاہیں، پہچانیں، احترام کریں، بحال کریں” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چراگاہیں دیہی معیشت، مویشی بانی اور حیاتیاتی تنوع میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔وزیراعظم نے زمین کے انحطاط، صحرائی پھیلا ﺅ اور خشک سالی کے تدارک کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی معاونت اور زمینی وسائل کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں