لاہور 27 اپریل(ہیلتھ رپورٹر) میو ہسپتال کے پروفیسر آف میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد صاف پانی، معیاری غذائیت اور بہتر طرز زندگی پر منحصر ہے۔ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ، ہیضہ اور اسہال کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنا اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ پانی ابال کر پینے کی عادت اپنائیں اور بازار میں فروخت والے غیر معیاری مشروبات، کھلے کھانے اور پہلے سے کٹے ہوئے پھلوں سے مکمل پرہیز کریں، کیونکہ آلودہ پانی اور غیر معیاری خوراک جگر کے امراض کی سب سے بڑی وجہ بنتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق طور کا کہنا تھا کہ قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے متوازن اور محفوظ غذا کا استعمال کیا جائے تاکہ مختلف طبی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں کے خلاف بروقت احتیاطی تدابیر انتہائی موثر ثابت ہوتی ہیں، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ مستند طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کریں اور صفائی کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے
کہا کہ آلودگی سے پاک ماحول کا فروغ اور صحت مند طرز زندگی ہی ایک مضبوط اور توانا معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنائے گا۔












