کراچی (شوبز ڈیسک)اداکارہ کبری خان نے کہا ہے کہ پاکستانی معاشرے اور شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی کے لیے ایک مخصوص معیار بنا دیا گیا ہے، جس میں ہر خاتون فٹ نہیں بیٹھ سکتی اور وہ خود بھی اس معیار پر پوری نہیں اترتیں۔
اداکارہ نے انٹرویو میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں خوبصورتی کے لیے گورا رنگ، بہت کم وزن، لمبا قد اور لمبے بال جیسے پیمانے مقرر کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سی خواتین خود کو ناکافی سمجھنے لگتی ہیں۔
کبری خان نے کہا کہ وہ بھی اس مرحلے سے گزری ہیں جہاں ان کی خوبصورتی کو انہی روایتی پیمانوں سے جانچا گیا، جس کے ان پر اثرات بھی پڑے، تاہم اب انہوں نے خود کو دوسروں کے معیار پر پرکھنے کے بجائے اپنی ذات کو قبول کرنا سیکھ لیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر تنقید سے متعلق کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے، لیکن کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی رائے کی آڑ میں دوسروں کو ذہنی طور پر نقصان پہنچائے یا انہیں تضحیک کا نشانہ بنائے۔